3ارب روپے کی لاگت سے تیار گرلز کیڈٹ کالج تربت میں کلاسز مارچ سے شروع ہوں گی

کوئی تبصرے نہیں

تربت۔ 3ارب روپے کی لاگت سے تیار گرلز کیڈٹ کالج تربت میں کلاسز مارچ سے شروع ہوں گی، گرلز کیڈٹ کالج میں جماعت ہشتم سے بارہویں جماعت تک کی کلاسیں ہوں گی، شیخہ فاطمہ گرلز کیڈٹ کالج تربت کے پرنسپل بریگیڈئیر قاضی شاہد صمد نے تربت پریس کلب کے صحافیوں کو کیڈٹ کالج کے دورے کے دوران بتایاکہ گرلز کیڈٹ کالج تربت کی بلڈنگ متحدہ عرب امارات کی فنڈنگ سے سوا دو سال کی مختصرمدت میں تیارہوگئی ہے، اس کی تعمیر آرمی کی 45انجینئرنگ ڈویژن کے ذریعے ہوئی ہے یہ کیمپس اپنی خوبصورتی اور انفرادیت کے حوالے سے پورے بلوچستان میں اپنی نوعیت کاپہلا کیمپس ہے جب یہ منصوبہ شروع کیاگیا تو ابتداء میں یہ بوائز کیڈٹ کالج تھی تاہم بعدمیں سول اورملٹری حکام کے متفقہ فیصلہ سے اسے گرلز کیڈٹ کالج بنانے کا فیصلہ کیاگیا۔
انہوں نے بتایاکہ گرلز کیڈٹ کالج تربت کی آسامیوں کیلئے بھرتیاں مکمل کرلی گئی ہیں کالج کی92فیصد فیکلٹی ممبران کاتعلق تربت سے ہے حالانکہ  ُؓPBS-16سے اوپر کی آسامیوں کیلئے پورے بلوچستان سے بھرتیاں کرنی تھیں مگر ہمیں تربت سے ہی زیادہ تر اعلیٰ کوالیفائیڈ فیکلٹی ممبرز دستیاب ہوئے۔
 انہوں نے بتایاکہ گرلز کیڈٹ کالج کے داخلوں کیلئے دسمبرکے پہلے ہفتہ سے اشتہارجاری کیاگیاہے اور 15جنوری تک داخلہ فارم جمع کروائے جاسکتے ہیں داخلوں کیلئے تربت کے ساتھ خضدار، نوشکی اور کوئٹہ میں بھی سینٹرزقائم کئے گئے ہیں اورمارچ سے باقاعدہ کلاسیں شروع کی جائیں گی انہوں نے بتایاکہ جماعت ہشتم سے ہرکلاس میں 80طالبات کو داخلہ دیاجائے گا جبکہ ہرکلاس کے4 سیکشن ہوں گے، کالج میں جماعت ہشتم سے سیکنڈائیر تک کل400طالبات زیرتعلیم ہوں گی۔
 کالج میں صحت مندانہ اورپرسکون ماحول میں طالبات کو معیاری تعلیم کاموقع فراہم ہوگی، داخلہ ڈویژنل کوٹہ کے تحت خواتین کی آبادی کے تناسب سے مقرر کی گئی ہے جس میں مکران ڈویژن کی 12، کوئٹہ ڈویژن کی18، قلات ڈویژن کی16، رخشان ڈویژن کی12، نصیر آباد ڈویژن کی 8اور سبی ڈویژن کی 6 اور اوپن میرٹ کے 8طالبات کو ہرسال داخلہ دیاجائے گا۔
 دورے کے دوران صحافیوں کو کالج کے مختلف شعبہ جات ایڈمن بلاک، ہاسٹلز، کلاس رومز، لیبارٹریز، لائبریری سمیت دیگر شعبہ جات دکھائے گئے,دورے میں گرلز کیڈٹ کالج تربت کے ایڈمن افیسر محمد ظہیر دشتی، مینٹیننس انجینئر چراغ سید اور اسسٹنٹ پی آراو ایف سی بلوچستان ساؤتھ اظہار حمید بھی ساتھ تھے۔

کوئی تبصرے نہیں

ایک تبصرہ شائع کریں