آل پارٹیز کیچ کاایک مشاورتی اجلاس کنوینر خان محمد جان کی صدارت میں پی این پی عوامی کے ضلعی دفترمیں منعقد ہوا

کوئی تبصرے نہیں

تربت۔ آل پارٹیز کیچ کاایک مشاورتی اجلاس کنوینر خان محمد جان کی صدارت میں پی این پی عوامی کے ضلعی دفترمیں منعقد ہوا، اجلاس میں ڈپٹی کنوینر عبدالغفور کٹور، انفارمیشن سیکرٹری سراج بیبگر، پیپلزپارٹی کے رہنمانواب شمبے زئی، حاجی قدیر احمد، شفیق احمد گچکی، نیشنل پارٹی کے رہنما محمدجان دشتی، فضل کریم، بی این پی عوامی کے رہنما کامریڈ ظریف زدگ، زاہد سلیمان، جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالقدیر مینگل،مولانا ذاکراللہ نور، مولانا ابوالحسن، پی این پی عوامی کے دارجان بزنجو ودیگرنے شرکت کی۔
اجلاس میں بارڈر ٹریڈ کے حوالے سے ڈپٹی کمشنر کیچ کی جانب سے 25جنوری کومنعقدہونے والے جرگہ کیلئے تجاویز پر غورکیاگیا، اجلاس میں بارڈر کے کاروباری معاملات کو ایف سی سے ضلعی انتظامیہ کے سپردکرنے کی اطلاعات کو خوش آئند قرار دیاگیا اورکہاگیاکہ آل پارٹیز کیچ ہر اس عمل کی حمایت کرے گی جس سے عوام کوفائدہ پہنچے، ایف سی کا عمل دخل بارڈرکے کاروبار سے ختم کیاجائے، بارڈر پر کاروبار کرنے والے گاڑیوں کی رجسٹریشن کا سلسلہ بند نہیں ہونا چاہیے، آل پارٹیز کیچ ڈپٹی کمشنرکیچ کے طلب کردہ جرگہ میں شرکت کرے گی تاہم اس سلسلے میں آل پارٹیز نے پہلے بھی تجاویز دی ہیں ان پر کس حدتک عملدرآمدکیاگیا ہے ان کاجائزہ لیاجائے گا۔
آل پارٹیز کیچ چاہتی ہے کہ مارکیٹ ٹو بارڈر رسائی آسان بنائی جائے، بارڈرپر سیکورٹی معاملات ایف سی دیکھے تاہم بارڈر کے کاروبارکو لیویز فورس کے ذریعے ڈیل کیاجائے، لوگوں کی عزت نفس مجروح کرنے کا سلسلہ بندہونا چاہیے، بارڈرپر جانے والی گاڑیوں کی لسٹ ازسرنو مرتب کی جائے اور بے ضابطگیوں کا ازالہ کرکے صاف وشفاف لسٹ بناکر اسے کمپیوٹرائزڈ کیاجائے، آل پارٹیز اس سلسلے مانیٹرنگ اورنگرانی کا رول اداکرے گی اور بارڈرکاروبار کو سہل اور آسان بنانے کیلئے اپنی تجاویز دیتی رہے گی اورچیک اینڈ بیلنس کا موثرمیکنزم تیارکیاجائے۔
اجلاس میں اس امرپر زوردیاگیاکہ کیچ سرحدی ضلع ہونے کے باوجودیہاں کے غریب عوام بارڈرکے کاروبارسے ہونے والی حقیقی فوائد سے محروم ہیں،یہاں جس قیمت پر تیل دستیاب ہے وہی قیمت دیگر اضلاع میں بھی ہے اس لئے یہاں کی تیل کی ضرورت پوری ہونے کے بعدپھر دیگر اضلاع میں تیل کی ترسیل کا طریقہ کاروضح کیاجائے تاکہ یہاں کے لوگوں کو کچھ فائدہ ہوسکے، اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ ضلعی سطح کے ساتھ ساتھ تحصیل اوریونین کونسل سطح پربھی کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جو اپنے اپنے علاقوں میں بارڈرکاروبار کی نگرانی کریں، اجلاس میں آل پارٹیز کیچ کے نئے ضابطہ اخلاق پر بھی غورکیاگیا۔

بشکریہ: ڈیلی ایگل کیچ

کوئی تبصرے نہیں

ایک تبصرہ شائع کریں